امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ امریکہ دہشتگردوں سے کبھی خوفزدہ نہیں ہو گا، دہشتگرد بے شمار مشکلات پیدا کر سکتے ہیں لیکن وہ ہمارے عزم کو نہ ہی کمزور کر سکتے ہیں نہ ہی ہمیں ہمارے مقصد سے ہٹا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکہ پر نائن الیون حملوں کی برسی کے موقع پر ایک بیان میں کیا۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ اندرون و بیرون ملک امریکیوں کو اس سانحہ نے یکجہا کیا ہے اور اس سے ہم مزید چوکس ہوئے ہیں اور ناصرف گیارہ ستمبر بلکہ سال کے ہر دن میں ہماراعزم پختہ ہوا ہے، جان کیری نے کہا ہے کہ آج کے دن ہم 2001ءمیں قتل ہونے والے مرد و خواتین اور بچوں کی یاد مناتے ہیں اورہم تین سال قبل لیبیا میں قتل ہونے والے اپنے سفیر اور
دیگر دو افراد کو کبھی نہیں بھولیں گے، ان میں سے ہر ایک بہادر اور اپنے پیشے سے لگائو رکھنے والا اور اپنے ملک کیلئے انتہائی عزم کے ساتھ خدمات سرانجام دینے والا تھا اور ہر ایک کی یہ خواہش بیرون ممالک لوگ آزادی، وقار اور امن کے ساتھ رہیں سے کم نہیں تھی، ان کی مثال ہمارے سامنے ہے اور برسی کے اس افسوسناک موقع پر ہماری دعائیں اور یادیں ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم اپنے گھر کام کے مقامات کمرہ جماعت اورکمیونٹی میں اپنی ذمہ داروں کو پورا کرنے کا عمل جاری رکھیں، امریکی سفارتکاری کے ساتھ آگے بڑھنے کا اس سے بہترین وقت اور کوئی نہیں ہے، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم سب امن خوشحالی، انسانی حقوق اور سیکورٹی کے لئے کام کریں۔